امریکی الزامات پر چین کا ردعمل
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیجنگ کے خلاف امریکی الزامات پر ردعمل ظاہرکیا ہے
رویٹرز کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کو امریکی صدر ٹرمپ کے ٹوئیٹر پیغام کے جواب میں اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا کے ایٹمی مسئلے کے حل کے لئے تمام فریقوں کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے- چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا ایٹمی مسئلہ چین کے سبب پیدا نہیں ہوا ہے بلکہ علاقے میں امریکہ کی غلط پالیسیاں جزیرہ نمائے کوریا میں بحران کا باعث ہوئی ہیں- امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چند روز قبل اپنے ٹوئیٹرپیغام میں اعلان کیا تھا کہ وہ جزیرہ نمائے کوریا کے بحران کے حل میں مدد کے سلسلے میں چین سے مایوس ہوچکے ہیں- یہ ایسے عالم میں ہے کہ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن پیونگ یانگ کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرے گا تو شمالی کوریا اسے سخت سزا دےگا-