اسرائیلی فوجیوں نے ٹی وی چینلوں کے دفاتر پر دھاوا بولا
اسرائیلی فوجیوں نے صیہونیت مخالف اور مزاحمتی محاذ کے حامی چینلوں کے دفاتر پر حملہ کیا۔
العالم اور پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دو روز قبل (سنیچر کے روز) صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے رام اللہ میں واقع ’’پال میڈیا‘‘ کمپنی کے دفتر پر حملہ کیا جس میں متعدد غیر ملکی اور عربی چینلز کے دفاتر موجود تھے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے پال میڈیا کے دفتر پر دھاوا بولا جس میں روسیا الیوم (رشا ٹوڈے عربی)، المیادین، المنار اور القدس چینل کے دفاتر موجود ہیں۔
روسیا الیوم چینل نے بھی خبر دی ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے دفاتر کے بعض دروازوں کو اکھاڑ پھینکنے کے ساتھ ساتھ انکے اسباب و وسائل کے ساتھ بھی توڑ پھوڑ کی۔

عینی شاہدین کے مطابق دس گاڑیوں میں بھر کر آئے اسرائیلی فوجی ’’پال میڈیا‘‘ کی عمارت کے دروازے توڑنے کے بعد اندر داخل ہو گئے اور توڑ پھوڑ مچائی اور ساتھ ہی وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑ ڈالا تاکہ انکے اس حملوں کی تصاویر منظر عام پر نہ آسکیں۔
واضح رہے کہ اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی بین الاقوامی یونین نے صیہونیوں کے اس وحشیانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ صیہونیوں کے اس حملہ سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وہ دنیا والوں کے سامنے حقائق روشن ہونے سے کس قدر خوفزدہ ہیں!