بحران کوریا کے بارے میں روسی صدر کا سخت انتباہ
روس کے صدر نے ایک بار پھر جزیرہ نمائے کوریا میں جاری بحران کے بارے میں سخت خبردار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق صدر ولادی میر پوتن نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کے ایٹمی تجربے پر کھڑا ہونے والا بحران بین الاقوامی المیے میں تبدیل ہوسکتا ہے۔روسی صدر نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی کہ شمالی کوریا کے خلاف امریکی پابندیوں کا کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں سے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان، کے موقف میں کوئی تبدیل نہیں آئے گی لہذا مذاکرات ہی موجود بحران کے حل کا واحد راستہ ہیں۔روسی صدر کا کہنا تھا کہ جب تک شمالی کوریا کو خطرات کے مقابلے میں اپنی سلامتی کا احساس نہیں ہوتا اس وقت تک وہ تمام تر سختیوں کے با وجود ایٹمی پروگرام ترک نہیں کرے گا۔صدر ولادی میر پوتن نے واضح کیا کہ اس صورتحال میں فوجی آپشن کا راگ الاپنے سے بین الاقوامی المیہ رونما ہوسکتا ہے جس میں بہت سے بےگناہ انسان مارے جائیں گے۔صدر ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیانات کے بعد امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔