شمالی کوریا کی امریکہ اور جاپان کو دھمکی
شمالی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے خلاف قرارداد کی حمایت کرنے پر جاپان کو ڈبو دیں گے جب کہ امریکا کو راکھ اور اندھیرے میں بدل دیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی ايشيا پيسيفک امن کميٹی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شمالی کوریا کے خلاف تازہ ترین قرارداد کی حمایت کرنے پر ہمیں شدید تحفظات ہیں اور عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ سلامتی کونسل کو ختم کردیا جائے۔
دوسری جانب جاپان نے شمالی کوریا کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کو اشتعال انگیزی قرار دیا ہے اور سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا سمیت 15 ممالک نے چھٹا اور اب تک کا سب سے بڑا نیوکلیئر تجربہ کرنے پر شمالی کوریا کی تیل درآمدات کو محدود اور ٹیکسٹائل برآمدات پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔