تھائی لینڈ کی سابق وزیراعظم کو 5 سال کی سزا
تھائی لینڈ کی سابق وزیراعظم ینگ لُک شیناوترا کو فرائض میں غفلت برتنے کے الزام میں 5 برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سپریم کورٹ کے 9 رکنی بنچ کے ججز نے سابق وزیر اعظم شیناوترا کو دی جانے والی سزا کی تفصیلات پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ شیناوترا پر لگائے جانے والے الزامات درست ثابت ہوئے ہیں اور انہیں 5 برس قید کی سزا سنائی جاتی ہے جو معطل نہیں ہوگی۔
شیناوترا نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔
شیناوترا پرالزام تھا کہ انہوں نے چاول پر سبسڈی کی اسکیم میں ہونے والی بدعنوانی کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔
ینگ لک شیناوترا نے عدالتی کارروائیوں میں شرکت نہیں کی تھی اور ان کے بارے میں یہ اطلاعات ہیں کہ وہ دبئی فرار ہوچکی ہیں۔ انہیں 25 اگست کو عدالت میں پیش ہونا تھا تاہم وہ عدالت آنے کے بجائے ملک سے فرار ہوگئی تھیں۔ شیناوترا اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔
واضح رہے کہ ینگ لک شیناوترا کی حکومت کا تختہ 2014 میں فوج نے الٹ دیا تھا اور اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سابق وزیراعظم پر کرپشن کے مقدمات قائم کیے گئے تھے۔