جوہری معاہدے کی عدم توثیق بداعتمادی کا باعث
سابق نائب امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کی عدم پاسداری سے بداعتمادی کی فضا میں اضافہ ہوگا۔
امریکہ کی سابق نائب وزیرخارجہ وینڈی شرمن نے اتوار کے روزنیو یارک میں گفتگو کرتے ہوئے ایران جوہری معاہدے کی بھرپورحمایت کا اعلان کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کومتنبہ کیا کہ اگروہ ایٹمی سمجھوتے کی توثیق نہیں کریں گے تو بداعتمادی میں اضافہ ہوگا۔ سابق نائب امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے ایران جوہری معاہدے کی توثیق نہ کرنے اور اسے کانگریس کے حوالے کرنے کے منفی اثرات سامنے آئیں گے۔
ایران اور گروپ 5+1 کے ساتھ مذاکرات کرنے والی سابق امریکی جوہری مذاکرات کار نے جوہری معاہدے کے خلاف ٹرمپ کی حالیہ دھکمیوں پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اس معاہدے کی عدم توثیق سے بداعتمادی کی فضا مزید بڑھے گی۔ وینڈی شرمن نے کہا کہ ایران سے جوہری معاہدہ ایک عالمی معاہدہ سے جس کو بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے نے اپنی آٹھ رپورٹوں میں درست قرار دیا ہے اور اس کے علاوہ ایران کی جانب سے اس معاہدے کی پابندی کی بھی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ ایران جوہری معاہدے پرقائم نہ رہے تو شمالی کوریا کس بنیاد پرامریکہ کے ساتھ مذاکرات کرے گا؟