ٹرمپ عالمی سطح پربحران پیدا کرنے کے درپے:جان کیری
امریکا کے سابق وزیر خارجہ جان کیری نے ایران کے ساتھ ہوئے جوہری معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے موقف کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
جرمن خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے سابق وزیر خارجہ جان کیری نے ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے کی توثیق نہ کرنے کو ایک خطرناک قدم قرار دیا ہے۔ کیری کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے امریکی قومی سلامتی کے مفادات کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں اور ایسی ہی صورت حال کا سامنا اتحادیوں کو بھی ہو سکتا ہے۔
سابق امریکی وزیر خارجہ نے اراکین کانگریس سے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف کھڑے ہو جائیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ایران نیوکلیائی معاہدہ کو ختم کرنے کی بات پر مصر رہنے کے درمیان دنیا کی دیگراہم طاقتوں نے کہا ہے کہ ایران نیوکلیائی معاہدہ پر ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے بھی اس معاہدہ کے برقرار رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ان کے مشترکہ قومی مفادات کے عین مطابق ہے ۔