دہشت گردی کےخلاف جنگ میں دوہرا معیار نہیں ہونا چاہئے، روسی صدر
روسی صدر پوتن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دوہرے معیاروں سے عاری ہونی چاہئے۔
روسی صدر پوتن نے سن پٹرزبرگ میں انٹر پارلیمنٹری یونین کے ایک سو سینتیسویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی طرح کا دوہرا معیار نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے عالمی سطح پر ایک متحدہ محاذ کی تشکیل ضروری ہے۔
سن پٹرزبرگ میں آئی پی یو کے اجلاس میں دنیا کے ایک سو ستر ملکوں کے پارلیمانی وفود موجود ہیں۔ اجلاس میں ایران کا بھی اعلی سطحی پارلیمانی وفد شریک ہے۔
روسی صدر نے شام کے بحران کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے شام کے دوتہائی علاقے آزاد کرالئے گئے ہیں۔
انہوں نے شام سے متعلق آستانہ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ آستانہ میں مذاکرات جاری رکھنے کا مقصد شام میں دہشت گردی کا خاتمہ اور امن و امان کو بحال کرنا ہے۔