سلامتی کونسل میں شام مخالف قرار داد ویٹو کردی گئی
روس نے سلامتی کونسل میں شام کے خلاف امریکی قرار داد کو ویٹو کردیا ہے
نیویارک سے موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکا نے شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی مدت میں توسیع کے لئے سلامتی کونسل میں ایک قرار داد پیش کی تھی جس کو روس نے ویٹو کردیا ہے ۔شام کے خلاف سلامتی کونسل میں امریکا کی یہ نویں قرار داد ہے جس کو روس نے ویٹو کیا ہے ۔روس کا کہنا ہے کہ، وہ شام کے علاقے خان شیخون میں کیمیائی اسلحے کے استعمال کے بارے میں، کیمیائی اسحلے پر پابندی کے ادارے اور اقوام متحدہ کی مشترکہ کمیٹی کی رپورٹ سے پہلے اس کمیٹی کی مدت میں توسیع کا مخالف ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ کمیٹی جمعرات کو اپنی رپورٹ پیش کردے گی ۔یاد رہے کہ چار اپریل دو ہزار سترہ کو شام کے علاقے خان شیخون پر کیمیائی حملے کا الزام ، امریکا، فرانس اور برطانیہ نے شام کی فوج پر لگایا ہے لیکن حکومت شام نے اس الزام کو سختی کے ساتھ مسترد کیا ہے ۔ شام اور روس کا کہنا ہے کہ خان شیخون پر کیمیائی حملہ شام میں حکومت کے خلاف برسر پیکار مسلح مخالفین اور ان کے حامیوں نے کیا ہے ۔اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے ویسلی نبنزیا نے کہا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی اپنے آپ کو منوانے اور روس کی توہین کی غرض سے ایک سیاسی قرار داد پاس کروانا چاہتے ہیں ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی پر بھی سـخت تنقید کی اور کہا کہ خان شیخون کے واقعے بارے میں کمیٹی کا طریقہ تحقیق اور دستاویزی ثبوتوں کے فقدان کی بات مضحکہ خیزہے ۔