شمالی کوریا کے بارے میں سلامتی کونسل کا اجلاس
شمالی کوریا کے بارے میں سلامتی کونسل کا اجلاس کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا۔ اس اجلاس میں امریکی مندوب نے ایک بار پھر شمالی کوریا کو صفحہ ہستی سے مٹا دینے کی دھمکی دی جبکہ روسی مندوب نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ خوف و ہراس پھیلانے والی اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے جن کے باعث جزیرہ نمائے کوریا میں کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں روس کے مندوب واسیلی نیبنزیا نے شمالی کوریا کے میزائلی تجربے کے بارے جمعرات کو ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ پابندیاں شمالی کوریا کی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے ہونی چاہئیں نہ کہ اس ملک کے عوام کو مشکلات سے دوچار کرنے کے لئے-
روسی مندوب نے کہا کہ جنوبی کوریا میں امریکا کے میزائل سسٹم تھاڈ کی تنصیب سے ہمسایہ ملکوں کی سیکورٹی کو خطرات لاحق ہو جائیں گے-
دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں دیگر ملکوں سے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ اپنے ہرطرح کے تعلقات منقطع کر لیں-
انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے اقدامات جنگ کے حالات پیدا کر رہے ہیں-
امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ اگر جنگ ہوئی تو شمالی کوریا صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا-
خبروں کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جو شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے کا جائزہ لینے کے لئے ہوا تھا کسی واضح نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گیا-
شمالی کوریا نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ اس نے ایک بین البراعظمی بیلسٹیک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو پورے امریکا کو نشانہ بنا سکتا ہے-
دریں اثنا امریکی ذرائع ابلاغ نے شمالی کوریا کے رہنما کے کیم جونگ اون کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کے بے ادبانہ حملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ امریکا پیونگ یانگ کی ایٹمی اور میزائلی سرگرمیوں کے مقابلے میں اپنی بے بسی کی وجہ سے سخت جھنجھلاہٹ کا شکار ہے-
یو ایس اے ٹوڈے جریدے کی ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو پاگل کتا کہہ کر ان پر حملہ کیا ہے جو گھٹیا الفاظ کا استعمال ہے-
مذکورہ جریدے کی ویب سائٹ نے لکھا کہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ٹرمپ شمالی کوریا کو قابو میں کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں اور اسی وجہ سے وہ اپنی جھنجھلاہٹ اور غصے کا اظہار اس قسم کے الفاظ کے ذریعے کر رہے ہیں-
یو ایس اے ٹوڈے نے لکھا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کے خلاف اس قسم کے گھٹیا اور بے ادبانہ جملے استعمال کئے ہیں اس سے پہلے وہ شمالی کوریا کے رہنما کو میزائل مین کہہ چکے ہیں اور یہ دھمکی بھی دی تھی کہ وہ شمالی کوریا کو نابود کر دیں گے-