Dec ۰۶, ۲۰۱۷ ۲۳:۴۴ Asia/Tehran
  • امریکی صدرٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر لیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کررہے ہیں اور امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے القدس منتقل کرنے کے لیے عملی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال سے کسی امریکی صدر نے مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پر پیش رفت نہیں کی ۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کا اقدام امن کے لیے ناگزیر تھا اس اقدام کے باوجود اسرائیل اور فلسطین کی خود مختار حیثیت قائم رہے گی جب کہ مقبوضہ بیت المقدس میں تمام مذاہب کے ماننے والے پرسکون زندگی گزار سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ہدایت کی ہے کہ امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے القدس منتقل کرنے کی تیاری کی جائے جب کہ انہوں نے خطے کے لیڈروں سے امن کی تلاش کے لیے ملکر کام کرنے کی بھی اپیل کی، ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے حکم نامے پر دستخط بھی کردیے ہیں۔

امریکہ کے اس اقدام کے خلاف عالمی سطح پر سخت رد عمل سامنے آیا ہےاور اس کی پر زور مذمت کی گئی ہے۔

ٹیگس