شمالی کوریا کو سیکورٹی کی ضمانت کی ضرورت
روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے معاملے میں امریکہ کی وعدہ خلافیوں کی وجہ سے شمالی کوریا اپنی سیکورٹی کی ضمانت چاہتا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ وزیرخارجہ لاوروف نے جزیرہ نمائے کوریا کے سمندری علاقوں میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی بڑی فوجی مشقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان فوجی مشقوں کے آغاز کے بعد ہی شمالی کوریا نے اپنے بین البراعظمی بیلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے-
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے اقدام کو حق بجانب قرار نہیں دینا چاہتے لیکن امریکہ کا اقدام کچھ ایسا تھا کہ گویا وہ شمالی کوریا کو ایک بار پھر اشتعال دلانے کی کوشش کر رہا تھا اور امریکہ اپنے اس مقصد میں کامیاب بھی ہو گیا-
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ شمالی کوریا کے حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں ٹرمپ کی وعدہ خلافیوں کے پیش نظر انھیں اپنی سیکورٹی کی ضمانت چاہئے۔
شمالی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر ایٹمی ہتھیاروں کو ختم کرنے اور پابندیاں اٹھا لئے جانے کے بارے میں کوئی سمجھوتہ ہوتا ہے تو انھیں اس بات کی ضمانت چاہئے کہ امریکہ دوبارہ اس معاہدے کو ختم نہیں کرے گا۔