Dec ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کو برطانیہ کا انتباہ

برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقیاتی امور پینی مورڈانٹ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ذریعے یمن کا محاصرہ جاری رکھے جانے کی صورت میں لندن اور ریاض کے تعلقات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلیگراف نے پیر کو اپنے شمارے میں لکھا ہے کہ  برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقومی ترقیاتی امور پینی مورڈانٹ نے کہا ہے کہ سعودی عرب  کے پاس اس کا کوئی جواز نہیں ہے کہ وہ یمن میں انسان دوستانہ غذائی اور طبی امداد کا راستہ بند رکھے-

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سعودی عرب نے اپنا یہی رویّہ جاری رکھا تو لندن اور ریاض کے تعلقات کو نقصان پہنچ سکتا ہے-

برطانوی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت چار لاکھ سے زائد یمنی بچے بھوک مری کا شکار ہیں اور اگر غذائی اشیا یمن نہیں پہنچتیں تو مرنے والوں کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو گا-

واضح رہے کہ سعودی عرب کو ہتھیار فراہم کرنے کی بنا پر برطانوی حکومت پر اس وقت عالمی رائے عامہ کا شدید دباؤ ہے-

یمن پر سعودی جارحیت کے آغاز سے ہی برطانوی حکومت نے سعودی عرب کو اربوں پونڈ کے ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دے دی تھی-

ٹیگس