ایٹمی معاہدے کی حفاظت پر برطانیہ کی تاکید
برطانوی وزیرخارجہ بوریس جانسن نے ایٹمی معاہدے کو انتہائی اہم بین الاقوامی معاہدہ قراردیتے ہوئے اس کی حفاظت پر تاکید کی ہے۔
برطانوی وزیرخارجہ بورس جانسن نے اتوار کو روسی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدہ ابھی زندہ ہے لیکن اس کی حفاظت اور اس کو باقی رکھنے کے لئے کوشش و تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کی حفاظت کے لئے سلامتی کونسل کے سبھی پانچ رکن ملکوں کا تعاون درکار ہے انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں کشیدگی کا دائرہ بہت زیادہ وسیع ہے۔
برطانوی وزیرخارجہ بورس جانسن نے شمالی کوریا کے بارے میں بھی کہا کہ شمالی کوریا کے میزائل دنیا کے کسی بھی حصے میں اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے سلسلے میں روس اور برطانیہ کا موقف ایک جیسا ہے لیکن شمالی کوریا کے بارے میں دونوں کے نظریات کسی حدتک مختلف ہیں۔
روس کا کہنا ہے کہ امریکا کے اقدامات جزیرہ نمائے کوریا میں کشیدگی کے باعث ہیں۔