اسرائیلی پارلیمنٹ کی دیدہ دلیری
اسرائیلی پارلیمنٹ میں وزیراعظم نیتن یاہو کو کرپشن مقدمات میں تحفظ فراہم کرنے کا بل منظور کرلیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مالی بدعنوانی میں ملوث اسرائیلی وزیراعظم کو چارجز سے بچانے کے لیے اپوزیشن کی شدید مخالفت کے باوجود صرف 5 ووٹ کی برتری سے بل منظور کیا گیا۔
بل وزیراعظم کی پارٹی کی جانب سے ایوان میں پیش کیا گیا جس کے حق میں 59 اور مخالفت میں 54 ووٹ ڈالے گئے۔
بنیادی طور پر اس بل میں پولیس کے اختیارات کو محدود کیا گیا ہے جبکہ تجزیہ نگاروں اور ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومتی بل کا مقصد صرف اور صرف وزیراعظم کو کرپشن اسکینڈل میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قانون دراصل پولیس کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف جاری تفتیش کے اختیارات کو کم کرنا ہے جبکہ حزب اختلاف نے بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو کو اس وقت دو کرپشن اسکینڈلز کا سامنا ہے جس میں پولیس نے ان سے تفتیش بھی کی ہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم کی بیوی پر بھی کرپشن کے الزامات ہیں۔