Dec ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
  • روس کے ساتھ سازباز کرکے جرم نہیں کیا،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سن دوہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت سے متعلق کیس کے بارے میں تازہ ترین موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے ساتھ رابطے کوئی جرم نہیں ہیں۔

روزنامہ انڈی پینڈنٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر دوہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں ان کا روس کا کوئی گٹھ جوڑ ہوا بھی ہے تب بھی انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے۔اس سے پہلے وہ بارہا، اپنے کمپین آفس اور روس کے درمیان کسی بھی قسم کے گٹھ جوڑ کی سختی کے ساتھ تردید کر چکے ہیں تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ اگر ایسا کوئی گٹھ جوڑ ہوا بھی ہے تو کوئی جرم نہیں ہے۔کیس کی تحقیقات کرنے والے افسر رابرٹ مولر نے ٹرمپ کے کمپین آفس کے چار ارکان سے تفتیش کے بعد روس کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ کا الزام ‏عائد کیا ہے۔تاہم کہا جارہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے دوستوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے اوپر عائد کیے جانے والے الزامات سے بری ہوجائیں گے۔امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی نے دوہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کا الزام عائد کیا تھا تاہم روس نے اس کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے۔

ٹیگس