امریکہ کی ناکامی، ویکیلیکس کے بانی کو ایکواڈور کی شہریت مل گئی
ایکواڈور نے 2010 میں امریکی فوج کی خفیہ معلومات افشاں کرنے والے ویکیلیکس کے بانی جولین اسانج کو شہریت دے دی ہے۔
ایکواڈور کی وزیر خارجہ ماریہ فرنینڈا اسپنوسا نے کوئٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جولین اسانج نے شہریت کی درخواست دی تھی اور وہ 12 دسمبر 2017 سے ایکواڈور کے شہری ہیں۔
ماریہ فرنینڈا نے مزید کہا کہ جولین اسانج کو ایک تیسری ریاست سے جان کا خطرہ ہے، ہم نے برطانیہ کے ساتھ ویکیلیکس کے بانی کے معاملے کو باوقار طریقے سے حل کرنے کے لیے جولین اسانج کو ایکواڈور کی شہریت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکیلیکس کے بانی کو شہریت دینے کا فیصلہ برطانیہ کی جانب سے جولین اسانج کو سفارتی درجہ دینے کی درخواست مسترد کرنے کے بعد کیا گیا جبکہ جولین اسانج کو سفارتی درجہ دینے کا مقصد انہیں گرفتاری سے استثنیٰ دلانا تھا۔
ادھر جولین اسانج کو خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کر دیا جائے گا، جہاں ان سے 2010 میں امریکی فوج کی خفیہ معلومات افشا کرنے کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ جولین اسانج نے 2012 سے برطانیہ میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں سیاسی پناہ لے رکھی ہے۔