Jan ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • جوہری معاہدے کو خطرے میں ڈالنے کے نقصانات

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری معاہدے کو خطرے میں ڈالنے سے عالمی امن کے لئے مشکل پیدا ہوگی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے سلامتی کونسل کی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو خطرے میں ڈالنے سے بین الاقوامی امن کے لئے مشکلات پیدا ہوں گی۔

اس موقع پر انہوں نے تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی اعتماد کی فضا کو بحال کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کوششوں کے باوجود مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں سوئڈش مندوب اولوف ایسکاگ نے سلامتی کونسل کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے جوہری معاہدے کو عالمی استحکام کی شہ رگ قرار دیا اور اس معاہدے کے مکمل نفاذ پر تاکید کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری معاہدہ، عالمی برادری کی تاریخ میں بے مثال کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین اس معاہدے پر مکمل طریقے سے عمل در آمد کے لئے پُرعزم ہے اور ہم تمام فریق پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھی اپنے وعدوں پر قائم رہیں۔

ٹیگس