امریکہ فوجی برتری زوال کا شکار ہے، امریکی وزیر جنگ جیمز میٹس
امریکی وزیر جنگ جیمز میٹس نے اعتراف کیا ہے کہ دنیا میں امریکہ کی فوجی برتری زوال کا شکار ہے۔
جان ہاپکنز انسٹی ٹیوٹ میں نئی امریکی اسٹریٹجی پر روشنی ڈالتے ہوئے جمیز میٹس کا کہنا تھا کہ بری، بحری، فضائی اور خلائی نیز الیکٹرانک میدان میں امریکہ کی فوجی برتری, ایسے وقت میں زوال پذیر ہو رہی ہے جب ہمیں روس اور چین جیسے ملکوں کی جانب سے خطرات کا سامنا ہے۔
امریکہ کی نئی فوجی اسٹریٹجی میں روس اور چین کو اہم ترین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
امریکی وزیر جنگ نے مزید کہا کہ نئی امریکی فوجی اسٹرٹیجی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بجائے، بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ رقابت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئی اسٹریٹجی میں جنگ کے لیے آمادگی پیدا کرنا ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہو گا۔
امریکی وزیر جنگ نے ایک بار پھر شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن، پیونگ یانگ کے ایٹمی حملے کا اس سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ جواب دے گا۔