Jan ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • امریکی نائب صدرمائیک پنس ناپسندیدہ شخصیت

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے امریکی نائب صدرمائیک پنس کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے دورے کو مسترد کردیا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ امریکی نائب صدر کا خطے میں خیر مقدم نہیں کیا جانا چاہیے۔ حماس کے ترجمان نے کہا کہ مائیک پنس کے فلسطین اور پورے خطے میں استقبال کا کوئی جواز نہیں۔ بیت المقدس کے بارے میں متنازع بیان دینے اور القدس کو اسرائیل کادارالحکومت قرار دیے جانے کے مؤقف کے بعد مائیک پنس کا فلسطین اور خطے میں استقبال کا کوئی جواز نہیں۔

واضح رہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پنس مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں وہ اس 4 روزہ دورے کے دوران مصر کے بعد اردن اور اسرائیل بھی جائیں گے۔

امریکی صدر کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے اعلان کے بعد سے مائیک پنس ٹرمپ انتظامیہ کے وہ اعلیٰ ترین عہدے دار ہیں، جو اس وقت مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔

 امریکی نائب صدر کے اس دورے کے خلاف مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں نے احتجاج کیا۔ اس دوران قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا، جب کہ کئی نوجوانوں کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

ٹیگس