سلامتی کونسل کی جانب سے کابل کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اس سے پہلے پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کابل میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ترجمان محمد فیصل نے مزید کہا کہ کابل میں دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پہلے ہی کابل میں دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، افغان حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ کل افغان دارالحکومت کابل کی وزارتِ داخلہ کی پرانی عمارت کے سامنے حساس علاقے میں خودکش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری ایمبولینس دھماکے سے اڑا دی جس کے نتیجے میں سو سے زائد افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو سے زائد دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے درجنوں افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔