شام کے بارے میں سوچی اجلاس کامیاب رہا ہے، روسی وزیر خارجہ
روس کے وزیر خارجہ نے سوچی میں شام کے بارے میں ہونے والے نیشنل ڈائیلاگ کو کامیاب قرار دیا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران روس اور ترکی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ شام کے بارے میں مذاکرات کو آگے بڑھانے کی غرض سے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے۔شام کے لئے نیشنل ڈائیلاگ کانگریس کے نام سے روس کے شہر سوچی میں ہونے والا اجلاس منگل کی شب ایک بیان جاری کرکے ختم ہوگیا۔سوچی اجلاس کے اختتامی بیان میں شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے تحفظ کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس ملک کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ شام کے عوام اپنے ووٹوں کے ذریعے کریں گے۔بیان میں شامی فوج کو باقی رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے کہ تا وہ اپنے آئینی کردار کو ادا کرتے ہوئے، بیرونی خطرات کے مقابلے میں ملکی سرحدوں اور عوام کا تحفظ کرتی رہے۔سوچی اجلاس کے بیان میں ہر قسم کی دہشت گردی، تعصبات، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی مذمت کرتے ہوئے، اس کے سدباب کے لیے فعال پالیسی وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔