Mar ۰۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
  • امریکہ کا شمالی کوریا  پر ایک اور الزام

امریکہ نے بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے شام کی حکومت کو کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہونے والا ساز و سامان فراہم کیا ہے۔

امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا جنگ زدہ شام کو تیزاب کی مدافعت رکھنے والی ٹائلیں، زنگ نہ لگنے والے والوز اور پائپ، تھرمامیٹرز سمیت دیگر ایسا سامان بھیج رہا ہے جن کی مدد سے کیمیائی ہتھیار تیار کیے جاتے ہیں۔

امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان ساز و سامان کی ترسیل چین کی تجارتی کمپنی کے ذریعے گزشتہ برس سمندری راستے کے ذریعے کی گئی اور یہ ساز و سامان  2016  سے 2017 کے درمیان درجنوں مرتبہ بھیجا جا چکا ہے جس کے لیے شامی حکومت کی سائنٹیفک اسٹڈیز اینڈ ریسرچ سینٹر نامی ایجنسی نے شمالی کوریا کو مختلف کمپنیوں کے ذریعے رقم کی ادائیگی کی ہے تاہم شامی حکومت نے رپورٹ کے مندرجات کو مسترد کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی اخبار نے اس قسم کے من گھڑت الزامات ایسے میں عائد کئے ہیں کہ شام میں داعش کو عبرتناک شکست ہوئی ۔ جبکہ شمالی کوریا اور شام امریکی پالیسیوں کے مخالف ہیں اور امریکہ نے شام اور شمالی کوریا کے خلاف نیا محاذ کھول رکھا ہے اور ان ممالک پر دباو ڈالنے کے لئے مختلف قسم کے حربے استعمال کر رہا ہے اور شمالی کوریا پر اقتصادی پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔

ٹیگس