پاکستان سے دہشتگردی کے خلاف، امریکہ کا ڈومور کا مطالبہ
امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے اب تک پاکستان کو حقانی نیٹ ورک یا افغان طالبان کے خلاف کوئی نمایاں اقدام کرتے نہیں دیکھا۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان سے جس قسم کی ٹھوس اور فیصلہ کن کارروائیاں چاہتا ہے پاکستان ویسے اقدامات نہیں کررہا ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات چیت میں امریکی سینئر اہلکار کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری درخواست پر جوابی ردعمل دینے کا تاثر دینا چاہتا ہے تاہم پاکستان نے اب تک کم سے کم اقدامات کیے ہیں جبکہ ضرورت ہے کہ اس حوالے سے مزید فعال اقدامات کیے جائیں۔
سینئر اہلکار کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہے تاہم انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی ۔
امریکی عہدیدار نے کہا کہ صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا۔ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے ٹھکانوں کے خلاف امریکا پاکستان کے حقیقی اقدامات کی طرف دیکھ رہاہے ۔
واضح رہے کہ امریکہ کافی عرصے سے پاکستان سے دہشتگردی کے خلاف ڈومور کا مطالبہ کر رہا ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکہ خود دہشتگردوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتا اور افغانستان میں اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر گرانا چاہتا ہے۔