Mar ۲۴, ۲۰۱۸ ۲۱:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران افغانستان تعلقات کے فروغ پر تاکید

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔

کابل میں ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ اور ان کے ہمراہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد کے دورہ کابل سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کی راہیں ہموار ہوں گی۔

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ ڈاکٹرکمال خرازی نے اس موقع پر افغانستان کی حکومت اور عوام کو رہبر انقلاب اسلامی اور ایرانی عوام کی جانب سے نوروز کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور افغانستان کے تعلقات دیرینہ ہیں اور ان کے درمیان تہذیبی اور لسانی رشتے بہت مضبوط ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان میں قیام امن کے لیے افغان قیادت کی نگرانی میں امن مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ڈاکٹر کمال خرازی اور صدر اشرف غنی کے درمیان ملاقات میں، دوطرفہ اقتصادی تعاون، تجارتی لین دین میں اضافے اور خاص طور سے چابہار کی بندر گاہ کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹیگس