جان بولٹن کے ساتھ تعاون پر اطمینان نہیں، جیمز مٹیس
امریکی وزیر جنگ جیمز مٹیس نے کہا ہے کہ وہ امریکی قومی سلامتی کے نئے مشیر اور ان کے جنگ پسندانہ رویےکے پیش نظر ان سے تعاون پر یقین نہیں رکھتے۔
اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی وزیر جنگ جیمز مٹیس نے اپنے ساتھیوں سے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے منتخب کئے جانے والے امریکی قومی سلامتی کے نئے مشیر جان بولٹن کے ساتھ تعاون کے سلسلے میں وہ مطمئن نہیں ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق مٹیس نے اس وقت بھی جب مک مسٹر کا متبادل جان بولٹن کو نہیں بنایا گیا تھا وائٹ ہاؤس کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جان بولٹن کے ساتھ کام کرنا بہت مشکل ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس کے کارکنوں کی کمیٹی کے سربراہ جان کلے نے بھی جان بولٹن کے بارے میں ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے جمعرات کے روز ٹوئٹ کیا تھا کہ جان بولٹن، مک مسٹر کی جگہ سنبھالیں گے۔امریکی ڈیموکریٹس نے بھی جان بولٹن کی تقرری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔