روس کی جانب سے امریکی قرارداد ویٹو
روس نے شام میں کیمیائی اسلحے کے استعمال کی تحقیقات سے متعلق سلامتی کونسل میں امریکی قرارداد ویٹو کردی ،روسی مندوب کہتے ہیں کہ امریکا کو ایک سال پہلے کی طرح حملے کا بہانہ چاہیے۔
امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات سے متعلق قرارداد پیش کی گئی جسے روس نے ویٹو کردیا ۔
سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد کی 12 ممالک نے حمایت کرتے ہوئے امریکا کا ساتھ دیا ، بولیویا نے روس کا ساتھ دیتے ہوئے مخالفت میں ووٹ دیا ۔
دوما میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں شامی حکومت پر عائد کئے جانے والے الزام کے پیش نظر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اعلان کیا ہےکہ اقوام متحدہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتی کہ شام کے شہر دوما میں کیمیائی ہتھیار استعمال کئے گئے ہیں۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی کہا ہے کہ شام کے شہر دوما میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں دمشق کی حکومت کے خلاف لگایا جانے والا الزام اشتعال دلانے والا اور ایسا فتنہ انگیز اقدام ہے جو دہشت گردوں اور ان کے مغربی حامیوں کی جانب سے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انجام دیا گیا ہے-
غوطہ شرقی کے علاقے دوما میں دہشت گردوں کی جانب سے ہفتے کی رات کئے جانے والے کیمیائی حملے میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ اس حملے کے بعد ہی دہشت گردوں کے حامی مغربی میڈیا نے حکومت شام کے خلاف نفسیاتی جنگ شروع کر دی ہے۔