Apr ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • شام پر تازہ میزائل حملے کے بعد صیہونی فوج پر وحشت طاری

شام کے شہر حمص کے الشعیرات اور دمشق کے مضافات میں واقع الضمیر ہوائی اڈوں پر حملوں کے بعد صہیونی فوج پوری طرح الرٹ ہو گئی ہے۔

العالم ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں پر شامی سرحد کے قریب بڑے پیمانے پر پروازیں انجام دی ہیں-

اس درمیان صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نے شمالی سرحدوں پر صیونی فوج کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا- صیہونی حکومت کے وزیرجنگ اویگدر لیبر مین نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کو نئی صورت حال کا سامنا ہے اور لبنان کی فوج، حزب اللہ، شامی فوج اور ایران نے اسرائیل کے خلاف ایک محاذ تشکیل دے دیا ہے-

صیہونی حکومت کے وزیرجنگ نے کہا ہے کہ یہ اسرائیل کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور موجودہ صورت حال کا تقاضا ہے کہ فوج اور سبھی سیکورٹی ادارے پوری طرح الرٹ رہیں اور شمالی سرحدوں پر اپنی توانائیوں میں اضافہ کریں-

اس درمیان اسکائی نیوز عربی ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی حکومت نے غالبا شام میں کچھ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے-

دوسری جانب شامی فوج نے کہا ہے کہ حمص میں الشعیرات اور دمشق کے مضافاتی علاقے الضمیر کے ہوائی اڈوں پر نو راکٹ فائر کئے گئے۔ شامی فوج نے کہا ہے کہ منگل کی صبح فائر کئے گئے ان سبھی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا- شام کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے دمشق کے مضافاتی علاقے الضمیر کے فوجی ایئربیس کی جانب فائر کئے گئے تین میزائلوں کو تباہ کر دیا جبکہ حمص میں الشعیرات ایئربیس پر فائر کئے گئے چھے دیگر میزائلوں کو بھی فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے-

دمشق کے قریب الضمیر ایئربیس پر میزائلی حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب دہشت گردوں نے اس علاقے سے نامعلوم مقام پر منتقل ہونے کے لئے شامی حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کر لیا تھا-

دریں اثنا امریکی وزارت جنگ پنٹاگون نے شام کے الشعیرات ایئربیس پر میزائیلی حملے سے متعلق رپورٹوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا نے فی الحال اس علاقے میں کوئی بھی فوجی کارروائی نہیں کی ہے-

دوسری جانب جنگ کے میدان پر نظر رکھنے والے بعض ذرائع نے کہا ہے کہ یہ میزائلی حملہ صیہونی جنگی طیاروں نے کیا ہے۔ خبروں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خود اسرائیلی جنگی طیاروں کو بھی شام کے ایئرڈیفنس سسٹم نے مار بھگایا ہے۔

ٹیگس