Apr ۲۹, ۲۰۱۸ ۱۰:۴۹ Asia/Tehran
  •  آستانہ مذاکرات شام میں قیام امن کیلئےمفید

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کل ماسکو میں روس اور ترکی کے وزراء خارجہ کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ آستانہ مذاکرات اقوام متحدہ اور امن کے دوسرے ممالک کے تعاون سے شام میں پائیدار امن کا باعث بن سکتے ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کیلئے سوچی اجلاس کے فیصلوں اور آستانہ عمل کی حمایت ضروری ہے اس لئے کہ شام کا بحران صرف سیاسی طریقے سے ہی حل ہو سکتا ہے۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران، روس اورترکی نے سربراہی اور وزراء خارجہ کی سطح پر ہمیشہ شام کی ارضی سالمیت، آزادی و استقلال اور قومی وحدت کی حمایت کرتے ہوئے شام کے بحران کے فوری حل پرتاکید کی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نےعالمی برادری سے شام کی تعمیر نو میں مدد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران، ترکی اور روس نے شام کی تقسیم کو غیر قابل قبول قرار دیا ہے۔

ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے اس موقع پر آستانہ عمل کو شام کے بحران کے حل کیلئے واحد اور کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران، ترکی اور روس آستانہ عمل  کے تناظر میں سہ فریقی تعاون کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ سنیچر کے روز ایران، ترکی اور روس کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے ماسکو پہنچے تھے۔

ٹیگس