May ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • پاک و ہند ذرائع ابلاغ میں ایرانی رد عمل کا انعکاس

پاکستان اور ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے پر ایران کے رد عمل کا بڑے پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار جنگ لکھتا ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےفیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی صدر کا اعلان عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا کبھی جوہری معاہدے سے مخلص ہی نہیں تھا، امریکا نے ہمیشہ ایٹمی معاہدے سے متعلق جھوٹ بولا، امریکا نے بغیر کسی ثبوت کے ہمیشہ ایران کی مخالفت کی۔

حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے پر عمل کیا اورآئی اے ای اے نے تصدیق بھی کی۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے امریکی صدر کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری معاہدے سے علیحدگی امریکا کو تنہا کردے گی، امریکی قدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، امریکی صدر صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں۔

امریکی صدر کے فیصلے کی مخالفت میں ایرانی اراکین پارلیمنٹ نے ایوان میں امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبارایکسپریس کھتا ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے ایران جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی صدر کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے کچھ غلط نہیں کیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ خلافی کی ہے  اور امریکا اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کرتا۔

حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران نے جوہری معاہدے پرعمل کیا، آئی اے ای اے نے تصدیق بھی کی لیکن امریکا نے ہمیشہ ایٹمی معاہدے سے متعلق جھوٹ بولا اور بغیر کسی ثبوت کے ہمیشہ ایران کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ  امریکا کبھی جوہری معاہدے سے مخلص ہی نہیں تھا جب کہ امریکی صدر کا اعلان عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

ہندوستان سے شا‏ئع ہونے والے اخبارات کا رد عمل روزنامہ انقلاب لکھتا ہے کہ ایران کے روحانی پیشوا رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے دوران فرمایا کہ سب نے دیکھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے سلسلے میں کس قدر پست اور گھٹیا الفاظ کا استعمال کیا اور اس کی باتوں میں دس سے زائد جھوٹ واضح طور پر دیکھے جا سکتے تھے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ٹرمپ نے اسلامی نظام کو بھی دھمکی دی اور ایرانی عوام کو بھی ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کی لیکن میں ایران کے عوام کی طرف سے یہ کہتا ہوں کہ مسٹر ٹرمپ تم کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے-

یو این آئی لکھتا ہے کہ ایران کے صدر حسن روحانی نے منگل کی رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر مکمل طور پرعمل کیا ہے جبکہ امریکہ نے اس عالمی معاہدے کی پاسداری نہیں کی اور اس معادے سے امریکہ کے نکل جانے کی پیش گوئی کی جا رہی تھی۔

ایران کے صدر  نے کہا کہ جوہری معاہدہ پائیدار رہے گا اور ہم دوسرے فریقوں کے ساتھ امن کی جانب قدم بڑھائیں گے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مفادات پورے نہ ہوئے تو اس صورت میں ہم نیا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران نیوکلیئر ڈیل سے الگ ہونے کا اعلان کردیا اور ساتھ ہی انہوں نے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے ایٹمی تعاون کرنے والی ریاست پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔

ٹیگس