شامی فوج کے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل میں خوف و ہراس
جولان کے علاقے میں واقع اسرائیلی فوجی اہداف پر شامی فوج کے میزائل حملوں کے بعد مقبوضہ فلسطین کے سرحدی علاقوں کی صورت حال بحرانی ہو گئی ہے اور اسرائیلی ہوٹلوں کی سیکڑوں بکنگ کینسل کر دی گئی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق شامی فوج کے میزائل حملوں سے صیہونیوں میں پھیلنے والے خوف و ہراس کے بعد شمالی مقبوضہ فلسطین میں واقع ہوٹلوں کی سیکڑوں بکنگ کینسل کر دی گئی ہیں اور صیہونی حکومت نے علاقے میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیر جنگ اویگدر لیبرمین نے شامی فوج اور صیہونیوں کے درمیان جھڑپوں کے امکان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو کسی بھی صورتحال کے مقابلے کے لیے تیار رہنا ہو گا۔
مزاحتمی قوتوں کے حامی میڈیا ہاوسز کا کہنا ہے کہ شامی فوج کے میزائل حملوں میں اسرائیل کے فوجی اہداف کو زبردست نقصان پہنچا ہے جبکہ اس کا آئرن ڈوم نامی اینٹی میزائل سسٹم، شامی فوج کے میزائلوں کو روکنے میں عملی طور پر ناکام ہو گیا ہے۔
صیہونی فوج کے ترجمان نے جولان پر داغے جانے والے میزائلوں کی تعداد بیس بتائی ہے اور دعوی کیا ہے کہ متعدد میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا تاہم آزاد ذرائع کی رپورٹوں میں شام کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں کی تعداد کم سے کم اڑسٹھ بیان کی گئی ہے۔
دوسری جانب المیادین ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی حکومت کے لڑاکا طیارے، مزید میزائل حملوں کے خوف سے مقبوضہ فلسطینی کی فضاؤں میں پرواز کر رہے ہیں اور اسرائیلی فوج کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ اس صورتحال کا کیسے مقابلہ کیا جائے۔
المیادین ٹیلی ویژن کے مطابق غزہ کے رہنے والے فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل کے خلاف براہ راست محاذ آرائی کا امکان بھی صیہونیوں کے خوف کو دوچنداں کر رہا ہے کیوں کہ فلسطینی تنظیموں نے اسرائیل پر شامی فوج کے جوابی حملوں کا زبردست خیر مقدم کیا ہے۔
اسرائیل نے جمعرات کی صبح شام کے دارالحکومت دمشق کے مختلف علاقوں پر کئی میزائل فائر کیے تھے جن میں متعدد کو شامی فوج کے اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ نے مار گرایا تھا۔ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں شامی فوج نے مقبوضہ جولان کے علاقے میں واقع اسرائیلی فوجی اہداف کو درجنوں میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔