Jun ۰۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
  • یورپ میں منشیات کے استعمال میں اضافہ

یورپی یونین میں منشیات سے متعلق امور کے نگراں ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپ بھر میں کوکین اور دیگر منشیات کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق یورپ بھر میں قریب 17 ملین بالغ شہریوں نے زندگی میں کبھی نہ کبھی کوکین استعمال کی، جن میں دو اعشاریہ تین ملین ایسے بالغ نوجوان بھی شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ برس یہ نشہ کیا۔ یورپی نگراں ادارہ برائے منشیات کا کہنا ہے کہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کوکین سمیت مختلف منشیات کے استعمال میں تیز رفتار اضافہ ہو رہا ہے۔

اس ادارے کے ڈائریکٹر ایلکس گوسڈیل کے مطابق حالیہ ایک دہائی میں یورپ بھر میں ہونے والا یہ اضافہ نمایاں ہے۔ یورپ لاطینی امریکا میں کوکین کی پیداوار میں اضافے کے نتائج بھگت رہا ہے۔

گوسڈیل نے یورپ کے 31 شہروں میں سیوریج کے پانی کے نمونوں کی جانچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں سے 26 شہروں میں منشیات کے استعمال کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ یورپ میں ایسی منشیات کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو لیبارٹریوں میں مصنوعی طور پر تیار کی جاتی ہیں، جس میں ایم ڈی ایم اے بھی شامل ہے جسے عرف عام میں ایسٹیسی کہا جاتا ہے۔ یورپی ادارے کی جانب سے یہ رپورٹ سن 2016ء میں جمع کیے جانے والے ڈیٹا کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے۔

یورپی کمشنر برائے امور داخلہ دیمیتریس اوراموپولوس کے مطابق، یورپ میں منشیات کے استعمال کے ایسے شواہد ملے ہیں، جن سے پتہ چلتا ہے کہ وہ زیادہ نشہ آور ہیں اور اسی لیے زیادہ خطرناک بھی ہیں۔

 

ٹیگس