Dec ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۱:۵۷ Asia/Tehran
  • منشیات اسمگلنگ کے شبہ میں امریکی فوج کا ایک اور حملہ، 4 افراد ہلاک

امریکی فوج نے کیرییبین میں منشیات کی اسمگلنگ کے شبہ میں ایک اور کشتی پر حملہ کیا ہے جس میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

سحرنیوز/دنیا: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع نے کشتی میں منشیات ہونے کی تصدیق کی تھی، امریکی جنوبی کمان کے مطابق کشتی پر سوار 4 افراد مارے گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق کشتی پر حملے کا حکم وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے دیا تھا، امریکی جنوبی کمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ ان کارروائیوں کو نام نہاد ’نارکو دہشت گردوں‘ کے خلاف ایک وسیع جنگ کا حصہ قرار دیتی ہے، حالانکہ اطلاعات کے مطابق امریکی کانگریس نے کسی جنگ یا طاقت کے استعمال کی باقاعدہ منظوری نہیں دی ہے۔

واضح رہے کہ اب تک مشرقی بحرالکاہل اور کیریبین میں جہازوں اور کشتیوں پر کم از کم 22 امریکی حملے ہو چکے ہیں، ٹرمپ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ حملوں کی زد میں آنے والی کشتیاں ثبوت فراہم کیے بغیر منشیات کی اسمگلنگ کر رہی تھیں۔

تازہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب امریکہ وینیزویلا کے ساحل کے قریب فوجی اثاثے مزید بڑھا رہا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ زمینی حملے ’بہت جلد‘ ہو سکتے ہیں۔

ادھر وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو کا کہنا ہے کہ امریکہ کا دباؤ ان کی حکومت کو گرانے کی کوشش ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

ٹیگس