امریکی تجارتی جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر تاکید
امریکا نے 50 ارب ڈالر کی چینی درآمدت پر 25 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ چین کا کہنا ہے کہ وہ امریکی تجارتی جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔
چین نے امریکی اقدام کے چند لمحوں بعد ہی ردعمل میں یکساں محصولات عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ کسی قسم کی تجارتی جنگ نہیں چاہتا لیکن چین کے پاس اس سختی کا مقابلہ کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، چینی وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ امریکا کی تنگ نظری پر مبنی رویہ دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ہے۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق امریکا نے چینی درآمدی اشیا پر 25 فیصد ٹیکس عائد کردیا ہے،اس اقدام کا مقصدچین کے اس تجارتی طریقہ کارکوروکنا ہے جس کے ذریعے بیجنگ ہمارے املاک اورٹیکنالوجی کے نت نئے خیالات کو چوری کررہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی دانشورانہ ملکیت اور ٹیکنالوجی کی چوری اور اس کے غیر منصفانہ کاروباری طریقوں کی روشنی میں، امریکا چین سے سامان کی 50 بلین ڈالر پر 25 فیصد ٹیرف لاگو کرے گا جس میں صنعتی طور پر اہم ٹیکنالوجی موجود ہیں.
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد امریکا اپنے اتحادی ممالک سمیت، میکسیکو،کینیڈا، یورپ ،جاپان اور دیگر ممالک پر ایلومینیم اور اسٹیل کی درآمدات پراضافی ٹیکس عائد کرچکاہے۔