Jun ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۳ Asia/Tehran
  • امریکا بلیک میلنگ کی پالیسی پر گامزن: چین

چین نے کہا ہے کہ امریکا انتہائی دباؤ اور بلیک میلنگ کی سیاست پر گامزن ہے جس سے اس کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔

چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئے ٹیرف لگانے کی دھمکی دینے پر بلیک میلنگ کا الزام لگا کر جوابی اقدام کا انتباہ دے دیا جس کے نتیجے میں دنیا کی دو بڑی معیشتیں تجارتی جنگ کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے پیر کو کہا تھا کہ انھوں نے بیجنگ کی جانب سے ٹیرف بڑھانے کو ناقابل قبول قراردیتے ہوئے امریکی تجارتی نمائندے کو 200 ارب ڈالر کی چینی درآمدات پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کی ہدایت کردی ہے، اگر چین نے پھر ٹیرف بڑھائے تو مزید 200 ارب ڈالر یا 450 ارب ڈالر کی مجموعی درآمدات پر ٹیکس لگانے کی نشاندہی کی جائے گی، چین کو اپنی غیرمنصفانہ پریکٹسز بدلنے اور امریکی مصنوعات کے لیے مارکیٹ کھولنے کے ساتھ متوازن تجارتی تعلقات کے لیے مزید اقدامات لینا ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر نے 50 ارب ڈالر کی چینی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کااعلان کیا تھا جس پر چین نے بھی اتنی ہی مالیت کی امریکی مصنوعات پر مساوی ڈیوٹی عائد کی تھی، جمعہ کو امریکی صدر نے چین کو جوابی اقدامات پر اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی تھی۔

ٹیگس