شمالی اور جنوبی کوریا میں جہاز رانی کا سلسلہ شروع
جنوبی کوریا کی وزرات دفاع نے دونوں کوریاؤں کے درمیان سمندری رابطے بحال ہونے کا اعلان کیا ہے۔
سیؤل میں جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امن منصوبے پر عمل درآمد اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت اتوار سے دونوں ملکوں کے درمیان سمندری رابطے بحال کر دیئے گئے ہیں۔
بیان کے مطابق پچھلے دس برس میں پہلی بار دونوں کوریاؤں کے درمیان جہاز رانی کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان جہاز رانی کی بحالی اور ریڈیائی رابطوں کا قیام حالیہ امن معاہدے کا حصہ ہے جس کا مقصد بحیرہ اصفر کے علاقے میں کشیدگی کو کم کرنا اور غیر متوقع صورت حال کی روک تھام کرنا ہے۔
شمالی اور جنوبی کوریا نے رواں سال اپریل میں امن کی بحالی کا آغاز کیا تھا اور اس دوران دونوں ملکوں کے اعلی سطحی وفود کے درمیان متعدد بار مذاکرات ہو چکے ہیں جن کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔