ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنا چاہتے ہیں، روسی وزارت خارجہ
روس نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کا پابند ہے اور ماسکو، تہران کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو امریکی پابندیوں سے متاثر نہیں ہونے دے گا۔
ماسکو میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخا رووا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ایٹمی معاہدہ باقی ہے روس اس معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کی پاسداری کرتا رہے گا۔
ماریہ زاخا رووا نے بتایا کہ روسی وزیر خارجہ، جمعے کے روز جنیوا میں ایٹمی معاہدے کے حوالے سے ہونے والے ایران اور چار جمع ایک گروپ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے میں مدد کر رہے ہیں اور اپنے تعلقات کو امریکی پابندیوں کے اثرات سے محفوظ رکھیں گے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے شام کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج کی غیر قانونی موجودگی، شام میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے شام کے خلاف عائد کی جانے والی یک طرفہ پابندیوں کو شام کی تعمیر نو میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو، دمشق کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کو قبول نہیں کرتا۔