ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کے طریقہ کار کے نفاذ کو یقینی بنائیں گے، یورپی یونین
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مشترکہ اقتصادی تعاون کی بحالی کے طریقہ کو نافذ کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جمعہ کے روز ویانا میں جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے دسویں اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مشترکہ اقتصادی تعاون کی بحالی کے طریقہ کو نافذ کرنا ہوگا۔
انہوں نے جوہری معاہدے کر برقرار رکھنے اور ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج کا کہنا تھا کہ مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں امریکی علیحدگی سے پیدا ہونے والے مسائل کا جائزہ لیا گیا جبکہ تمام فریقوں نے بھی ایران کی جانب سے جوہری معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شرکا نے ایران سے متعلق جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے کی گیارہویں رپورٹ کا بھی خیرمقدم کیا جس میں ایک بار پھر ایران کی مثبت کارکردگی کی تصدیق کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جوہری معاہدے کے باقی ماندہ فریقوں نےاس معاہدے کے مکمل نفاذ کے لئے ایران مخالف پابندیوں کے مکمل خاتمے پر زور دیا ہے۔