امریکا کا روس اور ایران کے بارے میں دعوی
امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ روس نہیں چاہتا کہ ایران شام سے باہر نکلے اور وہ اس معاملے میں تہران کو مجبور نہیں کرے گا۔
امریکا کی قومی سلامتی کے امورکے مشیر جان بولٹن نے رویٹرز سے گفتگو کے دوران کہا کہ روسی صدر پوتن نے امریکی حکام کو بتا دیا ہے کہ ماسکو ایران کو شام سے نکلنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔
جان بولٹن نے دعوی کیا کہ روس اب شام میں پھنس گیا ہے اور وہ چاہتاہے کہ شام کی تعمیرنو کے لئے دیگر ممالک اخراجات برداشت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واشنگٹن کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ شام سے ایران کے نکلنے کے لئے دباؤ بنائے۔
امریکا کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر نے یہ بھی دعوی کیا کہ داعش اور ایرانی فورسز شام میں امریکا کی موجودگی کا باعث ہیں۔
جان بولٹن کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب داعش کی شکست اور عراق و شام میں اس گروہ کی خود ساختہ خلافت کا خاتمہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بروقت اور صحیح کارروائیوں اور اقدامات کا نتیجہ تھا۔
دوسری جانب شام کی حکومت نے شام میں امریکا کی فوجی موجودگی کو شام کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قراردیا اور شام سے امریکا کے نکلنے کا مطالبہ کیا ہے۔