Sep ۲۱, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • عمران خان کے خط کا مثبت جواب، اب ہوں گے پاک وہند مذاکرات

ہندوستان نے پاکستان کی پیشکش قبول کرلی جس کے بعد اب دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مابین ملاقات ہو گی۔

ہندوستانی حکومت نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ہندوستانی ہم منصب سشما سوراج کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں اہم ملاقات ہوگی۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کو خط لکھ کر مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔ ہندوستانی حکومت نے دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔

ہندوستانی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات پاکستانی وزیراعظم کی درخواست پر کی گئی ہے جس کے لئے انہوں نے ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کو خط لکھا تھا۔

رویش کمار نے مزید کہا کہ فی الحال ملاقات کی تصدیق کی جا رہی ہے اور ملاقات کے ایجنڈے سے متعلق بھی جلد میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔

دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دوپہر کے کھانے پر ہوگی۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دینے کے لیے تہنیتی خط لکھا تھا جس کے جواب میں عمران خان نے بھی ہندوستانی ہم منصب کو جوابی خط لکھا ۔

عمران خان نے ہندوستانی وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں پاک - ہند تنازعات پر باضابطہ مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اچھا ہوگا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مل کر بات چیت کریں۔

ٹیگس