یورپی ممالک ایران سے تجارت جاری رکھیں، روس کی اپیل
روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ انکا ملک یورپی کمپنیوں اور ایران کے درمیان تعاون جاری رکھے جانے کا خواہاں ہے۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر ایٹمی معاہدے میں شامل تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ماسکو کو توقع ہے کہ یورپی کمپنیاں امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گی۔
سرگئی لاؤروف نے کہا کہ اس وقت فرانس، روس، برطانیہ، جرمنی، چین اور ایران کے درمیان بھرپور مذاکراتی عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین یورپی ممالک اور روس و چین مل کر اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایٹمی معاہدے کو امریکہ کے بغیر بھی پوری قوت کے ساتھ باقی رکھا جائے۔
روسی وزیر خارجہ نے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ملکوں کو دی جانے والی امریکی دھمکیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دھمکیوں کا ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے پر دستخط کرنے والے ملکوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔