ایٹمی میزائل کی تنصیب پر پولینڈ کابیان
پولینڈ کے صدر نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے ایٹمی میزائل کی تنصیب کےبارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کے صدر انڈرزیج ڈیوڈا نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے میزائل کی تنصیب کے بارے میں پولینڈ کے سیاسی و فوجی حکام کے درمیان ابھی کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے۔اس سے قبل روس کی وزارت خارجہ نے پولینڈ اور رومانیہ میں امریکہ کے ان میزائلوں کی تنصیب کی خبر دی تھیامریکی صدر ٹرمپ نے بھی حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ امریکہ پولینڈ میں مستقل فوجی اڈہ قائم کئے جانے کے مسئلے پر غور کر رہا ہے۔اس سے قبل پولینڈ نے امریکہ کو اس حوالے سے پیشکش بھی کی تھی۔ واضح رہے کہ نیٹو نے روسی سرحدوں کے قریب اپنے فوجیوں میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ روس اس اقدام کو اشتعال انگیزی قرار دیتا ہے اور اس نے کہا ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے علاقائی و عالمی سطح پر عدم استحکام بڑھے گا۔