آئی این ایف معاہدے سے امریکی علیحدگی تباہ کن ہوگی، روسی وزیر خارجہ
روس کے وزیر خارجہ نےکہا ہے کہ آئی این ایف سے امریکہ کی علیحدگی کی صورت میں دنیا میں اسلحے کی دوڑ روکنے کا کوئی بھی قانون باقی نہیں بچے گا۔
مقامی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے انٹرمیڈیٹ نیوکلیر فورس ٹریٹی سے امریکہ کی علیحدگی کے اعلان پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ روس اس کا مناسب جواب دینے پر مجبور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ماسکو امریکہ کے اس فیصلے کا سابق سویت یونین دور کی مانند تو پرخرچ جواب نہیں دیگا تاہم نامساعد اسٹریٹجیک تبدیلی کی صورت میں اسکا جواب دیں گے۔
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکی صدر کے مشیر کے دورہ ماسکو کے دوران ہمیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہوگیا تھا کہ امریکہ آئی این ایف سے نکلنے کا حتمی فیصلہ کرچکا ہے اور محض اس کا اعلان کرنا باقی ہے۔ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ امریکی حکومت ایک سے دیڑھ ماہ کے اندر ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کے دو طرفہ معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کرنے والی ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیس اکتوبرکو اعلان کیا تھا کہ وہ روس کے ساتھ ہونے والے انیس سو ستاسی کے آئی این ایف معاہدے سے علیحدگی اختیار کرلے گا۔