شام میں امریکی اقدامات غیر قانونی ہیں، روس
روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ شام کی آزادی اور قومی اقتدار اعلی کے بارے میں سلامتی کونسل کی قرارداد کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اس دعوے کے باوجود کہ وہ شام میں اپنی غیر قانونی فوجی موجودگی ختم کرنا چاہتا ہے، شام کی آزادی، قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کی بدستور خلاف ورزی کر رہا ہے۔روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شام میں امریکی فوج صرف مسائل کا باعث بنی رہی ہے اور امریکہ شام سے فوج کی واپسی کو فرار کانام دیئے جانے سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔لاوروف نے امریکہ کے مختلف یکطرفہ اقدامات منجملہ آئی این ایف معاہدے سے علیحدگی کے نتائج پر سخت خبردار کیا اور کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام ہتھیاروں کی دوڑ کا باعث بنے گا جس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کےاتحادی صرف جاہ طلبی کے درپے رہتے ہیں اور وہ دنیا میں پائے جانے والے حقائق کو درک کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔