شام پر امریکی اتحاد کا حملہ، دسیوں عام شہری جاں بحق
امریکہ نے داعش کے خلاف کارروائی کا بہانہ بناتے ہوئے شام کے مشرقی علاقے دیرالزور پر بمباری کر دی جس کے نتیجے میں گیارہ شہری جاں بحق ہو گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے جنگی طیاروں نے جمعرات کو شام کے مشرقی علاقے دیرالزور کے الشعفہ شہر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں گیارہ شہری جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
واضح رہے دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں بھی دیرالزور کے ایک علاقے پر امریکی اتحادی جنگی طیاروں کے حملے میں سترہ عام شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔
امریکی اتحاد کے جنگی طیارے حالیہ ہفتوں کے دوران صوبے دیرالزور کے مختلف علاقوں منجملہ ہجین پر بارہا بمباری کرتے رہے ہیں جس میں درجنوں عام شہری جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی اتحاد کی جانب سے ان حملوں میں بعض اوقات فاسفورس بموں کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شام کی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام مراسلوں میں بارہا امریکی اتحاد کے حملے بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔