امریکی فوج شام میں فوجی اڈہ قائم کر رہی ہے
شام سے اپنی فوج واپس بلانے کے ٹرمپ کے اعلان کے باوجود امریکی فوج شام کے اندر نئے فوجی اڈے قائم کر رہی ہے۔
شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے اپنے نئے فوجی اڈے بنانے کی یہ کارروائی، شام کے مشرقی صوبے دیرالزور کے جنوب مشرق میں واقع علاقے البصیرہ میں شروع کی ہے۔
امریکی فوج کے ان اڈوں کے قیام سے دریائے فرات کے دیگر ساحل پر واقع البو لیل میں متعین شامی فوجی امریکی فوج کی براہ راست گولہ باری اور فائرنگ کی زد میں آ جائیں گے- امریکی فوج نے گذشتہ برس ستائیس نومبر کو ترکی اور شام کی سرحد کے قریب واقع شہروں تل ابیض اور سلوک کے درمیانی علاقے میں ایک فوجی اڈہ قائم کیا تھا اور بعد میں اس فوجی اڈے کو بھاری اور جدید ہتھیاروں سے لیس کر دیا-
علاوہ ازیں امریکی فوج نے شام کے شمالی صوبے رقہ میں بھی کردوں کے زیرکنٹرول علاقوں میں دو فوجی اڈے قائم کئے ہیں- امریکی فوج کے ذریعے شام میں فوجی اڈے ایک ایسے وقت قائم کئے جا رہے ہیں جب امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ شام سے اپنی فوج واپس بلا رہے ہیں-