اطالوی عوام کا جنگ یمن بند کرنے کا مطالبہ
Feb ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
اطالوی عوام نے سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے اور جنگ یمن بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اطالوی پارلیمنٹ کے رکن استفانو فاسینا نے بلدیہ روم میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اٹلی کے بنائے ہوئے بموں سے یمن کے عوام پر بمباری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ والے اپنے اقتصادی اور سیاسی مفادات کی خاطر مشرق وسطی میں جنگ کی آگ بھڑکا کر بے گناہوں کا خون بہاتے ہیں۔
بلدیہ روم کے رکن جولیو پلونسی نے کہا ہے کہ وہ دیگر ارکان کے ساتھ مل کر سٹی کونسل میں ایک بل پیش کریں گے جس میں شہر کے مئیر سے درخواست کی جائے گی کہ وہ سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کرانے کی حکومت اور پارلیمنٹ سے باضابطہ درخواست کریں۔
اس نشست کے شرکا نے سعودی عرب کے جنگ پسندانہ اقدامات کی روک تھام اور یمنی عوام کا قتل عام بند کرانے کا مطالبہ کیا-