ایران کے بغیر مشرق وسطی میں امن کا قیام ممکن نہیں: پولینڈ
پولینڈ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو نظرانداز کرکے مشرق وسطی کے مسائل کا حل ناممکن ہے۔
نائب پولیش وزیر خارجہ بارٹوز سیچوکی برائے سیکورٹی اور امریکی امور نے ریڈیو آر ایم ایف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 13 اور 14 فروری کو پولینڈ میں مشرق وسطی کی صورتحال پر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں موجودہ بحرانوں سے متعلق مختلف آراء پیش کی جائیں گی.
اعلی پولیش سفارتکار کا کہنا تھا کہ یقینا اس کانفرنس کا مقصد مشرق وسطی کے بحرانوں کے حل تک پہنچنا ہے اور اس کو ایسا ترتیب دیا گیا ہے کہ ایران کو بھی تمام مسائل کے حل کا ایک اہم حصہ قرار دیا جائے گا کیونکہ ایران کے بغیر مسائل کو حل نہیں کیا جاسکتا.
یاد رہے کہ امریکہ اور پولینڈ کے وزرائے خارجہ آئندہ کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کریں گے جبکہ کہا جارہا ہے کہ اس میں بعض عرب ممالک کی قیادت بالخصوص سعودی عرب، غاصب صہیونی حکومت اور ایران مخالف منافقین کی دہشتگرد تنظیم بھی شریک ہوں گے.
جبکہ دوسری جانب مختلف یورپی ممالک اور مشرق وسطی کے ممالک نے اس کانفرنس میں شرکت سے کوئی دلچسپی نہیں لی. روس اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی چیف نے بھی اس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے.