امریکی پابندیاں مسترد، جاپان کا ایران سے تجارت جاری رکھنے کا اعلان
جاپان نے امریکی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایران سے تجارت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
چین کے قومی خبررساں ادارے (Xinhua) نے ایران میں جاپانی سفیر کے حوالے سے کہا ہے کہ موجودہ امریکی پابندیوں کے باوجود جاپان کا ایران سے تعاون جاری رہے گا.
جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے بعض پابندیاں لگائی گئی ہیں تاہم جاپانی کمپنیاں، کاروباری حلقے اور دیگر تجارتی ادارے انھیں خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایران کے ساتھ تجارت کو جاری رکھیں گے.
جاپانی سفیر نے ایران کے مرکزی بینک کے صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ حالیہ مہینوں میں امریکی پابندیوں کے باوجود جاپانی کمپنیوں نے ایران کے ساتھ اپنی تجارت کو تحفظ فراہم کیا ہے.
جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران سے بینکنگ سے متعلق ایک وفد جلد ٹوکیو کا دورہ کرے گا اورجاپان اپنے مفادات کے تحت ایران کے ساتھ معاشی تعاون کو بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا.