بریگزٹ مذاکرات میں تعطل پر تھریسا میے کا انتباہ
Mar ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۹:۰۲ Asia/Tehran
برطانوی وزیراعظم نے آئرلینڈ کی سرحدوں کے مسئلے پر یورپی یونین سے بغیر معاہدے کے برطانیہ کی ممکنہ علیحدگی پر خبردار کیا ہے۔
تھریسا میے نے کہا ہے کہ بغیر سمجھوتے کے یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی یورپ کے مفادات کے منافی ہے۔
شمالی آئرلینڈ کی سرحدوں سے مربوط لندن برسلز معاہدہ برطانوی دارالعوام میں تعطل کا شکار ہے۔برطانوی وزیر اعظم اس سلسلے میں برسلز سے ضمانت لینے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ وہ برطانوی دارالعوام کو بریگزٹ کی منظوری کے لئے اعتماد میں لے سکیں۔
جنوری کے مہینے میں برطانوی دارالعوام نے بریگزٹ کو واضح اکثریت سے مسترد کر دیا تھا جبکہ آئندہ ہفتے اس بارے میں ایک بار پھر ووٹنگ ہونے والی ہے اور تھریسا میے بریگزٹ بل کو منظور کرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔